ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹیپو سلطان سمر پیالیس میں کنڑا چلولی کے زیر اہتمام ٹیپو جینتی منائی گئی

ٹیپو سلطان سمر پیالیس میں کنڑا چلولی کے زیر اہتمام ٹیپو جینتی منائی گئی

Sun, 15 Nov 2020 23:21:49    S.O. News Service

بنگلورو،15؍نومبر(ایس او نیوز) بروز ہفتہ ٹیپو سلطان سمر پیالیس، مقابل وانی ولاس اسپتال میں کنڑا چلولی کے ریاستی صدر واٹال ناگراج و کنڑا کارکنان کی طرف سے جنگ آزادی کے اولین مرد مجاہد حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کی 271 واں جنم دن ٹیپو جینتی کا شاندار اہتمام کیا گیا۔

اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شری واٹال ناگراج نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت نے ٹیپو جینتی سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ رد کردیا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ اس کی ہم پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ میرامطالبہ ہے کہ دہلی میں پارلیمنٹ کے روبرو حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کا مجسمہ نصب کیا جائے اور ملک و ریاست کے ہر سرکاری دفترا ور اسکولوں میں ٹیپو سلطان شہید ؒکی تصویر آویزاں کی جائے۔ ملک کی آزادی کے لئے ٹیپو شہید ؒ نے جنگ کی تھی، وطن کی آزادی کی خاطر ٹیپو شہید نے اپنے دو بچوں کو رہن رکھا، اس وطن کی ترقی کے لئے اپنی تمام عمر قربان کردی۔ اس دور کے ٹیپو سلطان مخالف و متعصب ذہن لیڈر ٹیپو سلطان کی حرمت کو کیا جانیں۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی صوفی ولی با قادری جنرل سکریٹری کل ہند جمعیت الصوفیاء والمشائخ شاخ کرناٹک نے واٹال ناگراج کوشیر کے رنگ کی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں اعزاز پیش کیا۔ کنڑا تنظیموں کے معروف قلمکار ٹی پرسنا کمار، الحاج شیخ احمد، کنڑا چلولی کے کارکن جعفر، شری پارساتھی کے علاوہ ہندو مسلم کنڑا نواز و عاشقان ٹیپو سلطان کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔


Share: